ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /   ملکارجن کھرگے کا300 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ ، کانگریس پر مودی کی شدید تنقیدیں

  ملکارجن کھرگے کا300 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ ، کانگریس پر مودی کی شدید تنقیدیں

Sat, 25 May 2024 11:21:11    S.O. News Service

نئی دہلی، 25/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)  لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کی تشہیر کے مقصد سے جہاں اہم لیڈران حلقوں کا دورہ کررہے ہیں وہیں انٹر ویو  بھی دے رہے ہیں اور پریس کانفرنس بھی کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی جہاں مسلسل ریلیاں کررہے ہیں وہیں کانگریس صدر انٹر ویو دے کر مودی کی ہر بات کا رد پیش کررہے ہیں۔  اس سلسلے میںکانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس لوک سبھا انتخابات میں۳۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں جیتے گا جبکہ کانگریس پارٹی تنہا ۲۷۳؍ سیٹیں پار کر لےگی۔ سی این این اور نیوز ۱۸؍ کو دیئے گئےانٹرویو میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا  اور بی جے پی پر سخت نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ جھوٹ ہے۔۲۰۱۴ء اور ۲۰۱۹ءکے انتخابات میں انہوں نے اپنے مطلوبہ نمبر حاصل کر لئے تھے لیکن اس بار ان کے لئے اقتدار میں آنا مشکل ہے۔ وہ جنوب میں تو ہار ہی رہے ہیں، شمال میں بھی ہار رہے ہیں۔کھرگے نے کہا کہ میں یہ بات اس لیے کہہ سکتا ہوں کیونکہ کیرالہ یا تمل ناڈو میں ان (بی جے پی) کا کوئی وجود نہیں ہے۔ وہ کچھ جگہوں پر ایک یا دو سیٹیں جیت سکتے ہیں لیکن آندھرا پردیش میں بھی ان کا کوئی وجود نہیں ہے۔

  ملکارجن کھرگے نے کہا کہ تلنگانہ میں ہم مضبوط ہیں۔ تلنگانہ میں پہلے ہمارے پاس صرف دو سیٹیں تھیں لیکن اس بار ہم اپنی تعداد بڑھا کر ۱۰؍ کرنے جا رہے ہیں۔ کرناٹک میں ہماری ایک سیٹ تھی لیکن اس بار ہم اسے بڑھا کر ۱۰؍ کریں گے۔۲۰۱۹ءمیں جہاں بھی ہم ہار ےتھے، ہم وہاں جیت رہے ہیں۔ جہاں بھی بی جے پی کی ایک یا صفر سیٹیں تھیں وہاں وہ سیٹیں نہیں بڑھا پا رہی ہے۔ ہمیں مہاراشٹر میں سیٹیں مل رہی ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ راجستھان، ایم پی، چھتیس گڑھ، پنجاب، ہریانہ میں جائیں تو بھی ہم ان ریاستوں میں اچھا کر رہے ہیں۔ یوپی میں صرف  ہمیں۱۰؍ سیٹیں ملیں گی اور ہمارے اتحادکو ۱۴؍ سے زائدسیٹیں ملیں گی۔  ایسے میںبی جے پی کا ۴۰۰؍پار‘ ایک جھوٹا دعویٰ ہے۔

 کانگریس کی کارکردگی کے بارے میں ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ہماری کوشش زیادہ سیٹیں جیتنے کی ہے۔ لوک سبھا الیکشن جیتنے کے لئے ۲۷۳؍ سیٹوں کی ضرورت ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہمیں اس بار اس سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ ہمارا الائنس ۳۰۰؍ سے زیادہ سیٹوں پر کامیاب ہوگا۔ ہم آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے الائنس کی شکل میں ایک ساتھ آئے ہیں اور ہم جیتیں گے۔ریزرویشن سے متعلق راہل گاندھی پر پی ایم مودی کے بیان پر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پی ایم ہونے کے ناطے کیا آپ کو لگتا ہے کہ انہیں اس طرح کی بات کرنی چاہیے؟ جب ریزرویشن کی بات آتی ہے تو دنیا بھر میں ایسے فیصلے بہت غور و فکر کے بعد  کئے جاتے ہیں۔ ہم بھی اپنے الائنس کے ساتھ  بیٹھیں گے اور ضرورت پڑنے پر فیصلے کریں گے۔ بی جے پی والے تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں جو عوام کے سامنے ہے۔ اگر وہ اقتدار میں آئے تو وہ آئین بدل دیں گے جبکہ ہم آئین کی حفاظت کریں گے۔

  دوسری طرف   وزیر اعظم مودی نے کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے اس پر بین الاقوامی خطرات سے نمٹنے میں کمزور اور غیر موثر ہونے کا الزام لگایا اور اس کا موازنہ اپنی حکومت سے کیا جو ملک کے مخالفین کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتی ہے۔ہماچل کے ناہن میں بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ سریش کشیپ کی حمایت میں چوگن میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے زور دے کر کہا کہ ان کی قیادت میں ہندوستان ایک ایسا ملک بن گیا ہے جو اپنے چیلنجوں سے آزادانہ طور پر نمٹ رہا ہے۔ انہوں نے اپنی اور سابقہ کانگریس حکومتوں کے درمیان تضادات پر خاص طور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے کانگریس کا دور دیکھا ہے۔ جب ملک میں کمزور حکومت تھی تو پاکستان نے اس کا فائدہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ کمزور کانگریس حکومت دنیا بھر میں مدد کی التجا کرتی رہی لیکن  مودی کی قیادت میں ہندوستان کبھی بھی مدد کی بھیک نہیں مانگتا بلکہ گھس کر مارنے کی ہمت رکھتا ہے۔  


Share: